بنگلور، 11/دسمبر (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) کرناٹک کی مانڈیا پولیس نے تحویل اراضی کے ایک خصوصی افسر کی مبینہ خودکشی کے سلسلے میں ایک افسر اور ایک دیگر شخص کو گرفتار کر لیا، جس کا نام ڈرائیور کے خودکشی نوٹ میں درج تھا۔رمیش کے سی نے 6 /دسمبر کو مانڈیا ضلع کے مدو ر میں زہر کھا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی تھی۔اس نے اپنے سوسائڈ نوٹ میں بنگلور کے تحویل اراضی کے خصوصی افسر بھیما نائیک کے مبینہ غیر قانونی کاموں کا خلاصہ کیا تھا اور افسر اور ان کے پرائیویٹ ڈرائیور محمد کو اپنی موت کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔واضح رہے کہ ریڈی نے اپنی بیٹی کی شادی میں مبینہ طور پر 500کروڑ روپے خرچ کئے تھے۔رمیش نے ساتھ ہی الزام لگایا تھا کہ اس کی زندگی کو خطرہ لاحق تھا، کیونکہ وہ افسر کے تمام مبینہ غیر قانونی کاموں کے بارے میں جانتا تھا، ساتھ ہی اسے اس بات کی بھی خبر تھی کہ نائک نے کس طرح کان کنی کے کاروباری جی جناردن ریڈی کی بیٹی کی شادی کے لیے حال ہی میں روپے تبدیل کروائے تھے۔پولیس نے یہاں بتایاکہ مانڈیا پولیس کی ٹیم نے بھیمانائک اور محمد کو آج ایک رشتہ دار کے گھر سے گرفتار کر لیا۔ سوسائڈ نوٹ میں ساتھ ہی اس بات کا دعوی کیا گیا ہے کہ نائک کی مدد سے ریڈی نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے 100کروڑ روپے کو سفید دولت میں تبدیل کرا یا تھا۔مانڈیا پولیس نے رمیش کی خودکشی کے معاملے کی تحقیقات کے لیے تین ٹیموں کا قیام کیا ہے۔فوجداری جانچ محکمہ بھی معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔